پاکستان

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹی20 باآسانی 63 سے جیت لیا

کراچی (گلف آن لائن)پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شان دار بیٹنگ اور باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کا پہلا ٹی20 باآسانی 63 سے جیت لیا، پاکستان کے 200 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،شاندار بلے بازی پر حیدر علی مین آف دی میچ رہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے جب بیٹنگ شروع کی تو پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر کپتان بابراعظم کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، اکیل حسین نے ان کی وکٹ حاصل کی۔فخرزمان نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 10 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 35 رنز تک پہنچایا۔محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 32 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

دوسرے اینڈ سے حیدرعلی نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور 12 ویں اوور کے اختتام پر چوکا لگا کر ٹیم کی سنچری مکمل کی۔حیدرعلی نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ویسٹ انڈیز کے شیفرڈ نے 16 اوور شروع کیا اور پہلی ہی گیند پر محمد رضوان کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 52 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے۔جارح مزاج بلے باز آصف علی روایتی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بنا کر باؤنڈر پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد 7 رنز کا اضافہ کر پائے۔محمد نواز اور حیدرعلی نے جارحانہ انداز میں اسکور آگے بڑھایا۔حیدرعلی 39 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔محمد نواز نے اختتامی اوورز میں مہمان ٹیم کے باؤلرز کو خاطر میں لائے بغیر باؤنڈریز حاصل کیں۔انہوں نے صرف 10 گیندوں کا سامنا کیا اور 30 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 200 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کو ہدف کے تعاقب میں دوسرے اوور میں برینڈن کنگ سے محروم ہونا پڑا، جب وہ محمد نواز کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔پاکستان کو دوسری وکٹ حاصل کرنے کے لیے چوتھے اوور تک انتظار کرنا پڑا تاہم پوران نے محمد وسیم جونیئر کو ایک بلند و بالا چھکا رسید کیا،محمد وسیم نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے 33 کے مجموعے پر پوران کی وکٹیں اڑا دیں۔پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد وسیم نے اپنیدوسریاوور میں پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی اور ڈیوون تھامس کو بھی آؤٹ کردیا۔شاداب خان دسواں اوور کرنے آئے اور پہلی ہی گیند پر شے ہوپ کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے سب سے زیادہ 31 رنز بنا ئے تھے۔دسویں اوور کی چوتھی گیند پر شاداب نے اپنا دوسرا شکار کیا اور شمراہ بروکس کی 5 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ویسٹ انڈیز کے چھٹے آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈومینک ڈریکس تھے جو محض 5 رنز بنا کر حارث رؤف کی وکٹ بن گئے۔شاداب خان نے 88 رنز پر ویسٹ انڈیز کی ساتویں وکٹ حاصل کی اور رومین پاول 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اوڈین اسمتھ نے 18 ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی کے خلاف بلند و بالا شاٹس کھیلے تاہم آخری گیند پر شاہین نے ان کی وکٹیں اڑا دیں۔محمد وسیم نے 19 ویں اوور میں آخری دو وکٹیں روماریو شیفرڈ اور اکیل حسین کو آؤٹ کرکے حاصل کیں، جنہوں نے بالترتیب 21 اور ایک رن بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ 63 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیامحمد وسیم نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی میں بہترین کارکردگی ہے،پاکستان نے اس جیت کے ساتھ ایک سال میں سب سیزیادہ 18 ٹی20 میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی بنالیا۔خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین 3 ٹی20 اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے جو کراچی میں ہی منعقد ہوں گے۔دوسرا ٹی 20 میچ 14 اور تیسرا 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ پہلا ون ڈے 18، دوسرا 20 اور تیسرا 22 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں