وزیر اعظم

دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کرسکتا،وزیر اعظم

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج کا دن آرمی پبلک اسکول کے ان بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے جو اپنے طالبِ علموں کی حفاظت کیلئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے، وقت نے ثابت کیا کہ بے شک دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، اس کے پیچھے وہ بزدلانہ سوچ ہوتی ہے، جو اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کیلئے نہتے کم سن پچوں کو بھی استعمال کرسکتی ہے تاہم آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس سانحہ کے بعد بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کے بجائے دہشت گردی کے خلاف مزید بلند ہوئے پوری قوم متحد ہوئی اور ہم نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دشمنوں کو ان کے ٹھکانوں میں ڈھونڈ ڈھونڈ کر نشانہ بنایا، میں آج پوری قوم کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کرسکتا، پاکستان قوم کے عظم، حوصلے اور ہمت کو شر پسند عناصر نے جب بھی متزلزل کرنے کی کوشش کی، ان کو منہ کی کھانی پڑی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عہد کریں کہ پوری قوم متحد ہو کر فرقہ ورانہ، مذہبی اور نسلی تعصب پھیلانے والوں، تفرقہ پھیلانے والوں، اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کے لئے ایسے ہتھکنڈے اپنانے والوں کے خلاف یونہی کھڑی رہے گی، قوم اپنی صفوں میں موجود ان عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے تدارک میں ریاست کا ساتھ دے گی، میری خدا سے دعا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ قائدِاعظم کا فرمان ہے کہ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو نقصان پہنچا سکے، آج کا دن پوری پاکستانی قوم کو اس کرب ناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے، جب بزدل شر پسند عناصر نے ہماری قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں