سعودی

حوثیوں کے مقابل یمنیوں کی حمایت کے پابند ہیں، سعودی نائب وزیر دفاع

ریاض(گلف آن لائن)سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہاہے کہ ان کا ملک ایران نواز حوثی ملیشیا کے مقابلہ کرنے کے لیے یمنی حکومت اور عوام کو سہارا دینے کا پابند ہے اور مملکت خطے کے امن کو برقرار رکھنے کے واسطے مجوزہ بنیادوں پر مبنی سیاسی حل کی حمایت کرتا رہے گا۔یہ تین بنیادیں سلامتی کونسل کی قرار داد 2216، خلیجی منصوبہ اور قومی مکالمہ کانفرنس کا اعلامیہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی نائب وزیر کا یہ موقف پیر کے روز دارالحکومت ریاض میں یمنی وزیر اعظم معین عبدالملک سے ملاقات کے دوران میں سامنے آیا۔

شہزادہ خالد کے مطابق سعودی عرب یمنی حکومت کی سپورٹ کے سلسلے میں شرکت کے لیے دیگر عطیہ کنندگان ممالک کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ملاقات میں دونوں شخصیات نے یمن میں امن و و استحکام یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کی حالیہ کوششوں اور منصوبوں کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں مشترکہ دل چسپی کے متعدد امور زیر بحث آئے۔یمنی وزیر اعظم نے تمام شعبوں میں سعودی عرب کی جانب سے سپورٹ کو گراں قدر قرار دیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ سعودی مرکزی بینک کی جانب سے دیے جانے والے سہارے کا یمنی کرنسی اور اقتصادی صورت حال کو مستحکم کرنے میں بڑا کردار رہا۔معین عبدالملک نے مزید کہا کہ مملکت کی جانب سے تیل کی مصنوعات کے عطیے سے بجلی کی فراہمی کا سلسلہ پائے دار بنانے اور یمنی حکومت پر مالی بوجھ کم کرنے میں مدد ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں