اسلام آباد (گلف آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کرسمس اور قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظم ایک ایسا پاکستان بنانا چاہتے تھے جس میں اکثریت اور اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ عیسائی برادری کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں۔
انہوںنے کہاکہ ہم تمام عیسائی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں کی ان تھک جدوجہد کی وجہ سے آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قائد اعظم ایک ایسا پاکستان بنانا چاہتے تھے جس میں اکثریت اور اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔ نائب صدر پیپلزپارٹی نے کہا کہ جناح نے ہمیشہ جمہوریت، اقلیتوں اور مساوی حقوق کی بات کی، ہمیں قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی مشہور تقریر کو یاد رکھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوںنے کہاکہ قائد اعظم نے شمولیت، رواداری، ایک دوسرے کے عقیدے کے احترام اور ترقی پسند سماجی معاہدے کی تلقین کی تھی۔ انہوںنے کہاکہ ان کا بتائے ہوئے اصول آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، جناح کے پاکستان کا خواب ابھی بھی ادھورا ہے۔ شیری رحمن نے کہا کہ آنے والی نسل کو “نیا پاکستان” نہیں ”جناح کا پاکستان”چاہئے، جناح کا پاکستان عدم برداشت اور انتہاپسندی کے خاتمہ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔