آصف باجوہ

عثمان ڈار سے آصف باجوہ کی ملاقات ، کھیلوں کے فر وغ پر گفتگو

اسلام آباد (گلف آن لائن)معاونِ خصوصی برائے اْمورِ نوجوانان عثمان ڈار سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری،اولمپین آصف باجوہ نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی جس میں کھیلوں کے فروغ پر گفتگو کی گئی ۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کامیاب جوان پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے نوجوانوں کو غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل رکھنے کے لئے چار ارب روپے کے 4 نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہاکہ نوجوانوں کی کھیل کے میدان میں صلاحیتوں اور لگن کو سمجھتے ہوئے کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ اور سپورٹس اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ عثمان ڈار نے کہاکہ کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ کے پہلے فیز میں 12 کھیل بشمول ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، اسکواش، والی بال، اسکی ، جوڈو، باکسنگ اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔

عثمان ڈار نے کہاکہ خصوصاً خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ملک بھر میں دس مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں۔ عثمان ڈار نے کہاکہ ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے ستاروں کی نشاندہی اور چناؤ کے لئے ضلعی اور ملکی سطح پہ ملک کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے 25 علاقہ جات میں کھیلوں کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ عثمان ڈار نے کہاکہ کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کے تحت 12 یونیورسٹیوں میں عالمی میعار کی اسپورٹس اکیڈمیاں اور ہائی پرفارمنس سنٹرز قائم کئے جارہے ہیں جہاں نہ صرف کامیاب کھلاڑیوں کو ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔

عثمان ڈار نے کہاکہ کامیاب کھیلاڑیوں کو قومی اور عالمی سطح پہ کھیلنے اور پاکستان کی نمائندگی کرنے کا سنہرا موقع فراہم کیا جائے گا۔ آصف باجوہ نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت کھیلوں کے فروغ کیلئے شروع کیے گئے منصوبے انتہائی خوش آئند ہے،ان منصوبوں سے مختلف کھیلوں میں قومی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے باصلاحیت جوان سامنے آئینگے۔ آصف باجوہ نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ ملکر ملک میں ہاکی کے فروغ کیلئے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں