حبا بخاری

ایک خاتون نے سب کے سامنے کہا اگر وزن کم کرو تو ‘آفت’ لگو گی، حبا بخاری

کراچی (گلف آن لائن)حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ حبا بخاری نے کہا ہے کہ کچھ عرصہ قبل دوران سفر انہیں ایک خاتون نے پرواز میں سب کے سامنے دور سے کہا کہ اگر وہ اپنا وزن تھوڑا کم کرلیں تو وہ ‘آفت’ لگیں گی۔حبا بخاری حال ہی میں ‘ٹو بی آنیسٹ’ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری پر بھی بات کی جب کہ انہوں نے زندگی کے کچھ دلچسپ واقعات بھی بیان کئے۔مذکورہ انٹرویو چند ماہ قبل حبا بخاری کی شادی سے قبل ریکارڈ کیا گیا تھا، جسے 19 جنوری کو ریلیز کیا گیا۔انٹرویو سے دو ہفتے قبل حبا بخاری رواں ماہ جنوری کے آغاز میں دیرینہ دوست ساتھی اداکار آرز احمد کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں تھیں۔

شادی سے قبل ریکارڈ کرائے گئے انٹرویو میں حبا بخاری نے کہا کہ انہیں معروف ڈراما ساز حسینہ معین شوبز میں لے کر آئی تھیں، انہوں نے ہی ان کے والد سے اداکاری کی اجازت لی۔پروگرام کے دوران حبا بخاری نے انکشاف کیا کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کی پیش کش بھی ہو چکی ہے مگر اچھی کہانی اور کردار نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے کام سے معذرت کی۔انہوں نے کہاکہ اگر انہیں کسی اچھی فلم یا کہانی کی پیش کش ہوگی تو وہ ضرور قسمت آزمائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں حبا بخاری نے کہا کہ اگر انہیں اپنے جسم کے کسی حصے کو بہتر بنانے کا موقع ملے تو وہ اپنا قد تھوڑا سا بڑھائیں گی۔

حبا بخاری نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی وہ عفت عمر کے ہمراہ پرواز میں سفر کر رہی تھیں کہ دور بیٹھی ایک خاتون نے انہیں پہچانا اور دور سے ہی ان سے بڑی آواز میں باتیں کرنے لگی۔حبا بخاری نے کہا کہ مذکورہ خاتون نے دور سے بڑی آواز میں سب کے سامنے انہیں کہا کہ اگر وہ اپنا تھوڑا وزن کم کریں تو وہ ‘آفت’ لگیں گی۔اداکارہ کے مطابق خاتون کی جانب سے پرواز میں سب کے سامنے ایسا بولنے پر جہاں انہیں شرم آئی، وہیں انہیں خاتون کے بولنے کے انداز پر ہنسی بھی آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں