لاہور(گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں درخواست ضمانت دائر کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کا بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے، خدشہ ہے کہ ایف آئی اے حکام کیس میں انہیں گرفتار کر لیں گے۔
استدعا ہے کہ عدالت عبوری ضمانت منظور کر کے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکے۔اسپیشل سینٹرل کورٹ نے عبوری ضمانت دینے سے قبل شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بنکنگ جرائم کورٹ سے ضمانت کی درخواست واپس لینے کا حکم دے دیا۔
فاضل جج نے کہا کہ بنکنگ جرائم کورٹ میں دونوں ملزمان کی ضمانتیں زیر سماعت ہیں، قانون اجازت نہیں دیتا کہ ایک مقدمے کی دو مختلف عدالتوں میں ضمانتیں بیک وقت سنی جائیں، بنکنگ جرائم کورٹ کا آرڈر لیکر آئیں پھر میری عدالت ضمانت دے گی۔