لاہور(گلف آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ بزدار حکومت ہر شعبہ میں ریکارڈ کامیابیاں سمیٹ رہی ہے، گزشتہ تین سال انقلابی تعمیر و ترقی کے سال رہے ہیں، اپوزیشن کپتان اور بزدار حکومت کے عوام دوست اقدامات سے چاروں شانے چت ہوچکی ہے، عوامی خدمت سے اگلے انتخابات میں بھی سرخرو ہونگے۔
معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے محکمہ آباشی میں انتظامی بہتری اور مفاد عامہ کیلئے نئی پالیسیاں اور قوانین کا آغاز کیا ہے، بیراجوں، نہروں کے نظام کی بحالی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، رودکوئیوں میں پانی کو ذخیرہ اور قابل استعمال بنانے کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، کینالز کی تعمیرو بحالی کے میگا پراجیکٹس سے عوام کو بڑی سہولیات مہیا کر رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے 32 ارب کی خطیر رقم سے جلال پور کینال منصوبہ شروع کیا، ضلع جہلم اور خوشاب کا پونے دو لاکھ ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔حسان خاور کا کہنا تھا کہ گریٹر تھل کینال ضلع بھکر، لیہ، خوشاب، مظفر گڑھ اور جھنگ کے قریبا تین لاکھ ایکڑ رقبے کو سیراب کرے گی، ایس ایم بی لنک کینال کی ترسیل کی صلاحیت 13 ہزار کیوسک سے زائد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پا رہی ہے، احساس راشن سکیم عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کم کرے گی، صحت کارڈ کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت پہلے ہی عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہے، عوام پرائیویٹ ہسپتالوں سے دھڑا دھڑ علاج کروا رہے ہیں۔