اوپیک پلس

اوپیک پلس کامارچ سے تیل پیداوار میں چارلاکھ بیرل یومیہ اضافے پراتفاق

ریاض(گلف آن لائن)تیل برآمدکنندگان کی تنظیم اوپیک اور اس کے اتحادی ممالک مارچ سے تیل کی موجودہ یومیہ پیداوار میں چارلاکھ بیرل کے اضافے پر متفق ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق تیرہ رکن ممالک پر مشتمل اوپیک اور اس کے اتحادی روس کی قیادت میں 10 ممالک نے دنیا میں کروناوائرس کی وبا پھیلنے کے بعد یومیہ پیداوار میں کمی کردی تھی۔اب وہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں قدرے مستحکم ہونے کے بعد بتدریج تیل کی یومیہ پیداوار میں اضافہ کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اوپیک اوراس کے اتحادی ممالک نے تیل پیداوار میں اضافے کا فیصلہ اس امید کے ساتھ کیا کہ کووِڈ19کی اومیکرون شکل کے تیزی سے پھیلنے کے باوجود زمینی وفضائی سفر اور ایندھن کی مانگ برقرار رہے گی۔

اوپیک کے رکن سعودی عرب اورغیررکن روس کی قیادت میں اوپیک پلس اتحاد نے کہا کہ وہ مارچ سے یومیہ پیداوار میں چار لاکھ بیرل کا اضافہ کرے گا اور وبا کے عروج کے دوران میں پیداوار میں کی گئی کٹوتی کو آہستہ آہستہ بحال کرنے کے لیے نقشہ راہ پر مکمل طور پر کاربند ہے۔واضح رہے کہ نومبر 2021کے آخرمیں انتہائی متعدی اومیکرون کی تشخیص کی ابتدائی اطلاعات کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تھی اور تیل کے ذخائربھی کم ہوگئے تھے لیکن اس کے بعد قیمتیں بحال ہوگئی ہیں اورمارکیٹ میں ہیجانی کیفیت ختم ہوچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں