سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ،حلیم عادل شیخ کی سعید غنی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

کراچی(گلف آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کی وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کے خلاف دائر کی گئی درخواست مسترد کردی ہے۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں صوبائی وزیر سعید غنی کے خلاف جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت حلیم عادل شیخ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان نے اپنی رپورٹ میں منشیات فروشوں اور سرپرستوں کو بے نقاب کیا تھا۔

رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ موجود صوبائی وزیر اور ان کے بھائی منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔وکیل نے کہا کہ پوری دنیا کو پتہ ہے منشیات فروشی کے پیچھے کون ہے۔ صوبائی حکومت کے وزیر اور ان کے بھائی منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ کارروائی کے لیے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی، صوبائی اداروں اور چیف سیکرٹری کو خطوط لکھے۔

کارروائی نہیں ہوئی۔جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ جس پارٹی سے حلیم عادل شیخ تعلق رکھتے ہیں، اس نے کچھ نہیں کیا؟ کیا آپ کی اپنی پارٹی اس معاملے میں تعاون نہیں کررہی؟۔وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور دیگر کو بھی خطوط لکھے کارروائی نہیں ہوئی۔منشیات یہ صرف چنیسر گوٹھ کا مسئلہ نہیں پورے سندھ کا مسئلہ ہے۔ سندھ میں منشیات فروشی سے نوجوان نسل کا مستقبل خراب ہو رہا ہے۔عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں