کراچی(گلف آن لائن)ایڈمنسٹریٹرکراچی،مشیرقانون وترجمان سندھ حکومت بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہاہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، مغرور حکمران جلد بھاگنے پر مجبور ہوں گے۔
جاری ویڈیو بیان میں ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے بلاول بھٹو کا والہانہ استقبال کرنے پر کراچی، سجاول ،ٹھٹھہ اور بدین کے باشعور عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے لانگ مارچ کو دیکھ کر نیازی سرکار نے بھی گھبرانا شروع کردیا ہے۔ لانگ مارچ سے ملکی سمت کا تعین ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عوامی دبائو کی وجہ سے ممکنہ طور پر سلیکٹڈ وزیراعظم آج قوم سے خطاب کریں گے، جس میں سلیکٹڈ وزیراعظم کوئی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ عوام بدترین مہنگائی کا شکار ہیں، عوام نے ریلیف پیکجز سمیت نااہل پی ٹی آئی حکومت کو مسترد کردیا ہے۔ یہ بلاول بھٹو اور عوام کی جیت ہے۔مرتضی وہاب نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔ مغرور حکمران جلد بھاگنے پر مجبور ہوں گے۔ آپ عوام اپنے محبوب قائد بلاول بھٹو کے ساتھ رہیں منزل ہمیں ملکر رہے گی۔