فیاض الحسن چوہان

پی ٹی آئی کے بغیر قومی حکومت مقصود چپڑاسی والی سرکار کی چھوٹی سی آشا ہے’ فیاض الحسن چوہان

لاہور(گلف آن لائن) وزیرِ جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے بغیر آئندہ پانچ سال کے لیے قومی حکومت کی تجویز پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بغیر قومی حکومت مقصود چپڑاسی والی سرکار کی چھوٹی سی آشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مائنس پی ٹی آئی کی بات کر کے عوامی رائے تبدیل نہیں کر سکتے۔

پاکستان تحریکِ انصاف اس وقت قومی سطح کی واحد اور سب سے بڑی جماعت ہے، جس کے بغیر قومی حکومت کی بات عوام کے حق نمائندگی کا تماشہ بنانے کے مترادف ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ کیا یہ قومی چور اب عوام کو جعلی اکانٹس اور ٹی ٹیز کی تربیت دیں گے؟ کیا لوٹ مار مافیا اب منی لانڈرنگ اور دیہاڑیاں لگانے کے جدید سائنسی طریقے دریافت کرے گا؟ وزیرِ جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ میاں شہباز شریف کی اس معصومانہ خواہش پر حیرانگی بھی نہیں ہو رہی۔ وزیر اعظم عمران خان نے شریف خاندان کی اقتدار میں واپسی کے راستے مسدود کر دیئے ہیں۔ یہ جانتے ہیں کہ عمران خان نہ کھائے گا، نہ انہیں کھانے دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں