لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ دن رات جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو کا راگ الاپنے والی اپوزیشن متنازعہ اقدامات کے ذریعے جمہوریت کی خدمت نہیں کر رہی ،ان شا اللہ موجودہ حالات میں بھی وزیر اعظم عمران خان سر خرو ہوں گے اور اپوزیشن سیاسی طور پر ناکام او رنا مراد ہی رہے گی ، اپوزیشن کی ساری منصوبہ بندی کا اصل مقصد افرا تفری کے ذریعے ترقی کرتی معیشت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔
اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جب حکومت کی مدت پوری ہونے میں محض ایک سال کا عرصہ باقی رہ گیا ہے ایسے میں ملک میں سیاسی افرا تفری اور انتشار پھیلانے کا کیا مقصد ہے ؟۔ اپوزیشن جماعتوں کی بوکھلاہٹ سے واضح ہے کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکیں گی اس لئے ملک کی ترقی کے خلاف سازش کی گئی ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمرا ن خان نے بے پناہ چیلنجز کے باوجود ملک کو معاشی طور پر درست سمت میں گامزن کیا،اصلاحات جیسے مشکل اہداف کے حصول کیلئے پیشرفت کرنا کوئی آسان کام نہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان نے ایک لمحے کے لئے بھی اپنی سیاست اور مفادات کا نہیںسوچا اورملک کی ترقی کیلئے غیر معمولی فیصلے کئے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام تر سازشوں کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے دوبارہ حکومت بنائیں گے۔