فواد چوہدری

لندن میں بیٹھا ایک شخص پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد(گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ لندن میں بیٹھا ایک شخص پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے، عمران خان کو دھمکی آمیز ملنے والا خط وہ نہیں جو آج کل کچھ صحافی لہرا رہے ہیں،عمران خان ایک جنگ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بھی لڑ رہے ہیں، پاکستان میں مستحکم پارلیمانی نظام کے فیصلے کی ضرورت ہے،عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنے والوں کو 10 لاکھ لوگوں سے گزر کر جانا پڑیگا، اگر ایسا نہ ہوا تو منڈیاں ایسے ہی چلتی رہیں گی، سندھ ہائوس میں ضمیروں کو خریدنے کی منڈی لگی ہوئی ہے، امید ہے جو ارکان بکے، سپریم کورٹ ان کو نااہل کرنے سے متعلق فیصلہ دیگی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہاکہ صدر مملکت کے دائر کئے جانے والے ریفرنس کی سماعت جاری ہے، اٹارنی جنرل اپنے دلائل دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے کامیاب جلسے پر پاکستان کے عوام کا مشکور ہوں، گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک، کوئٹہ اور چاغی کے پہاڑوں سے لے کر لاہور تک اور لاہور سے اسلام آباد تک جس طریقے سے عوام نے عمران خان کی قیادت پر لبیک کہا اور عظیم اجتماع کیا، وہ لائق تحسین ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بڑی تعداد میں لوگ یہاں پہنچے اور عظیم اجتماع کیا جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ عوام کے قدموں کی دھڑک سے اسلام آباد کے در و دیوار لرزا گئے، پہلے کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں کو دس لاکھ لوگوں سے گذر کر جانا پڑے گا، کل کے جلسہ کے بعد بتا دینا چاہتے ہیں کہ ان لوگوں کو عمران خان تک 20 کروڑ لوگوں سے گذر کر جانا پڑے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد عالمی سازش کا حصہ ہے، مقامی سیاسی پلیئرز جن کا سرغنہ مے فیئرز اپارٹمنٹس میں بیٹھا ہوا ہے، نے اس عالمی سازش کا حصہ بنتے ہوئے پاکستان کے خلاف سازش کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمان، آصف علی زرداری اور شہباز شریف جیسے بونے پاکستان کو مستقل غلامی میں دینے کا پلان تیار کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ وہ پتلیاں ہیں جن کے تانے بانے لندن میں بیٹھے ہوئے شخص کے ہاتھ میں ہیں، یہ شخص عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازش میں ملوث ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے جلسہ میں اس عالمی سازش کا ابتدائی دیباچہ عوام کے سامنے رکھا ہے،وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اس عالمی سازش کے باقی اوراق بھی عوام کے سامنے رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ سازش عمران خان کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے خلاف ہے، پاکستان کے عوام کو محکوم بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ 1930ء اور 1940ء میں قائداعظم نے عالمی استعمار کے خلاف جنگ لڑی، ان کے پروردہ یہاں ہندوستان میں بیٹھے تھے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان بھی دو رخی لڑائی لڑ رہے ہیں، وہ مقامی اسٹیبلشمنٹ اور انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کی پاکستان کے خلاف سازش بے نقاب کر رہے ہیں، ٍسپریم کورٹ میں ریفرنس دائر ہے، اس پر کچھ عرصہ لگے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ اٹارنی جنرل نے عدالت میں یہ معاملہ رکھا ہے کہ پاکستان پارلیمانی نظام حکومت کا حامل ملک ہے، سیاسی جماعتیں اس نظام کا لازمی جزو ہیں،اس نظام میں پارٹی ڈسپلن کی اہمیت ہے، پارٹی فیصلوں سے منحرف ہونے کی اجازت دے دی جائے تو اسی طرح منڈیاں لگتی رہیں گی۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح اس لئے ضروری ہے کہ پاکستان میں مستحکم پارلیمانی کیلئے تاحیات نااہلی لے کر آنا ہوگی، اس میں سزائیں رکھنا ہوں گی تاکہ لوگوں کی خرید و فروخت کا خاتمہ ہو سکے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اراکین کو خریدا گیا، انہیں سندھ ہائوس میں رکھا گیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ جن لوگوں نے اتنے بڑے لالچ کو ٹھکرایا اور عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں، انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پوری امید ہے کہ سپریم کورٹ اس ریفرنس میں فلور کراسنگ میں ملوث ارکان کے لئے تاحیات نااہلی لائے گی۔انہوںنے کہاکہ یہ لوگ ووٹ تو کاسٹ کر سکیں گے لیکن اسے گنا نہیں جا سکے گا۔ وفاقی وزیرحماد اظہر نے کہاکہ گزشتہ روز عوام نے ضمیر فروشی کے خلاف فیصلہ سنا دیا ،پوچھا جا رہاہے سرپرائز کیا ہے ،ایک موجودہ وزیراعظم عوام کو اعتماد میں لیکر عالمی سازش کے بارے میں بتایا ،اب کھیل سب کے سامنے ہیں ۔ حماد اظہر نے کہاکہ اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ ایک پارٹی کی آفیشلی ڈیاٹی ہے ممبرز کی طرف اور ممبرز کی اپنی پارٹی کی طرف ،یہ سازش عمران خان کے خلاف نہیں عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازش ہے ملک کیلئے ،عوام کسی مقصد کیلئے کسی لیڈر کی خاطر نہیں نکلی۔صحافی نے سوال کیاکہ کیا خط کو دیکھنے کے بعد عسکری قیادت غیر جانبدار رہے گی۔

فواد چوہدری نے جواب دیاکہ یہ جو چند صحافی خط لے کر پھر رہے ہیں،ان سے کہتا ہوں کہ ہنگ جرنلسٹ سے ٹرینگ لیں کہ خبر کی تصدیق کیسے کرتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہاکہ پاکستان کی فوج پاکستان کے اتحاد خود مختاری اور بقا کی ضامن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پہلا موقع نہیں ہے کہ فوج پر ہرزا سرائی کی گئی تاریخ میں مسلم لیگ ن اداروں کے خلاف سازش کرتے رہے ہیں ،شاہ زین بگٹی کا پتہ نہیں کونسا ترقیاتی فنڈز مانگ رہے تھے۔ صحافی نے سوال کیاکہ گزشتہ روز خان صاحب جلسے میں اعلان کرتے ہیں کہ اتحادیوں کے پاس نہیں جائیں گے اور پھر ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔فواد چوہدری نے جواب دیاکہ سیاست میں کبھی رابطے ختم نہیں ہوتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں