یوکرینی

یوکرینی اورروسی صدورکی امن معاہدے کے مجوزہ مسودے پرملاقات متوقع

انقرہ /کیف(گلف آن لائن)یوکرین کے ایک مذاکرات کار نے بتایا ہے کہ روس نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ امن معاہدے کی دستاویزات کے مسودے پر نمایاں پیش رفت ہوچکی ہے اور اب اس پر دونوں ممالک کے صدور کے درمیان براہ راست مشاورت ہوسکتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذاکرات کار ڈیوڈ ارخمیا نے یوکرینی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ روس کریمیا کے سوادیگر امور پراپنے موقف سے دستبردار ہوگیا ہے اور اس حوالے سے اس نے یوکرین کے مجموعی موقف کو قبول کرلیا ہے۔البتہ وہ کریمیا پر اپنے مقف پر ڈٹا ہوا ہے۔ارخمیا نے کہا کہ روسی صدر ولادی میرپوتین اوران کے یوکرینی ہم منصب ولودی میر زیلنسکی کے درمیان ملاقات کا مقام غالبا ترکی ہوگا لیکن ابھی اس ملاقات کے وقت اور جگہ کا حتمی تعین نہیں کیا گیا ہے۔

دونوں فریقوں نے حالیہ دنوں میں ہونے والے مذاکرات کو مشکل قراردیا ہے۔ فریقین کے درمیان یہ بات چیت ترکی میں بالمشافہہ ملاقاتوں میں ہوئی ہے۔اس کے علاوہ انھوں نے ورچوئل بھی بات چیت کی ہے۔ارخمیا نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جمعہ کو صدرپوتین اور زیلنسکی کو فون کیا تھا اور ایسا لگتا ہے کہ انھوں نے اپنی طرف سے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ مستقبل قریب میں متحارب لیڈروں کے درمیان ملاقات کا اہتمام کرنے کوتیار ہیں۔انھوں نے مزید کہاکہ اس ملاقات کی تاریخ اور نہ ہی جگہ کاابھی پتا ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اس بات چیت کے استنبول یا انقرہ میں ہونے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں