شاہ سلمان

شاہ سلمان نے فلاحی کاموں کے لیے قومی مہم شروع کرنے کی منظوری دے دی

ریاض(گلف آن لائن)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خیراتی کاموں کے لیے دوسری قومی مہم شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ مہم فلاحی کاموں کے تمام پہلوئوں کی کفالت کی توسیع اور اس مقدس مہینے میں خیراتی سرگرمیوں کی سرپرستی کرنے کے لیے شروع کی جا رہی ہے۔سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا)کے سربراہ اور احسان پلیٹ فارم کی نگران کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ بن شرف الغامدی نے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ولی عہد سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے احسان پلیٹ فارم کی لامحدود مدد کی بہ دولت یہ پلیٹ فارم مملکت میں فلاحی سرگرمیوں میں دوسری تمام تنظیموں کو پیچھے چھوڑ گیا۔سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کی جانب سے فلاحی کاموں کے لیے قومی مہم کا آغاز دو سال قبل کیا تھا۔اس مہم کے پہلے سال میں رمضان میں مخیر حضرات کی طرف سے غیرمعمولی تعاون فراہم کیا گیا۔مہم میں عطیات دے کر حصہ لینے کے لیے 8001247000 پر بینیفیکٹرز سروس سینٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ احسان پلیٹ فارم کی سرپرستی ایک نگران کمیٹی کرتی ہے جس میں 12 سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ شاہی عدالت میں مشیر اورسینئرسکالرز کی کونسل کے رکن الشیخ عبداللہ بن محمد المطلق کی سربراہی میں ایک قانونی کمیٹی ہوتی ہے۔ مجموعی طورپر ایک ارب 40 لاکھ 50 ہزار ریال عطیہ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں