کراچی(گلف آن لائن)اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی قومی غیرت، ملک کے غداروں کے خلاف جنگ کے لیے کھڑا ہے۔حلیم عادل شیخ نے لیاری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں لیاری والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بھٹو کا لیاری اب کپتان کا لیاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری غیرت مند قوم عمران خان کے ساتھ ہے، کراچی قومی غیرت، ملک کے غداروں کے خلاف جنگ کے لیے کھڑا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ لیاری والے کہہ رہے ہیں ہم بھکاری نہیں ہے، جو لیاری سے ہار کر گیا اس نے اپنے لیے فراک بنوالی تھی۔اپوزیشن لیڈرسندھ نے کہاکہ وزیراعظم بننے کے لیے جو قومی اسمبلی میں داخل ہوا وہ ایم این اے بھی نہیں رہا، ان غداروں کے پتلے لٹک رہے ہیں، عوام ان کو لٹکائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تم بھکاری اور مداری ہو، پہلے لیڈر قابل فروخت ہوا کرتے تھے، ایک ڈالر میں دو زرداری مارکیٹ میں مل رہے ہیں، عمران خان اس مافیا کے خلاف کھڑے ہوگئے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ امریکہ بھائی اس دفعہ خط غلط ہاتھ لگ گیا ہے، پاکستان اب غلاموں کی حکمرانی میں نہیں، یہاں بھادر شاہ ظفر نہیں ٹیپو سلطان موجود ہے، انہوں نے ہمارے قوم کی تذلیل کروائی، گورے کے ٹکڑوں پر پلنے والے آپ ہونگے یہ قوم نہیں،انہوں نے کہاکہ لیاری نے بلاول کی ضمانت ضبط کرائی تھی، لیاری سے ہم نے بلاول کو جوتیاں چھوڑ کر بھاگتے دیکھا تھا، اس بار ان کی ضمانت ضبط ہوگی، آج کراچی کے ایک حلقے سے ایم کیو ایم کانسلر نہیں جیت سکتی، انہیں نفیس سے خبیث کا سفر مبارک ہو۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال تک فنڈز لیکر کھاتے رہے، اب پیپلزپارٹی والے کہہ رہے ہیں ہمیں بھی نہیں چاہیے، الطاف حسین کو سب سے پہلے عمران خان نے چیلنج کیا، مہاجروں، بلوچوں، سندھیوں، پشتونوں، ہزارے، کشمیرے، گلگتی کا لیڈر صرف عمران خان ہے، پورے پاکستان کا لیڈر عمران خان ہے۔