کارپٹ ایسوسی ایشن

امید ہے نئی حکومت معاشی پالیسیاں بناتے وقت اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت کو یقینی بنائے گی’کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی حکومتملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نمٹنے ،کاروبار اور معیشت کی ترقی اور خصوصی طو رپر برآمدات کے فروغ کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے گا، لاہور چیمبر سمیت ملک بھر کے تمام چیمبرز کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے ارسال کی گئی تجاویز کوبجٹ دستاویز کا حصہ بنایا جانا چاہیے ۔

ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈرعبد اللطیف ملک،سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر ایگزیکٹو ممبر اعجازالرحمان، عثمان اشرف ،سعیدخان، محمداکبر ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملک کو اس وقت بڑھتی مہنگائی، تجارتی خسارے ، ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سمیت بہت سے برآمدی شعبوں کی تنزلی اور بڑھتے قرضوں جیسے مسائل کا سامنا ہے لیکن ہم توقع کرتے ہیں کہ شہباز شریف اپنی دور اندیشی اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ان پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معیشت کیلئے بڑاوقت درکار ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم بغیر کسی تاخیر کے آج سے ہی پیشرفت کریں ، آئندہ مالی سال کے بجٹ کو اس کی بنیاد بنایا جائے اور معیشت کو ترقی دینے کیلئے غیرمعمولی فیصلے کئے جائیں ۔

انہوںنے مزید کہا کہ امید ہے کہ نئے وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے گی اور تجارت و معیشت سے متعلق پالیسیاں بناتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ ان پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ سکیں۔انہوںنے مزید کہا کہ صلاحیت سے کہیں کم برآمدات معاشی ترقی کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ ہے جسے نہ صرف دور کرنا ہوگا بلکہ کسی بھی برآمدی شعبے کو نظر انداز نہ کرنے کی پالیسی بنائی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں