قومی اسمبلی اجلاس

(ن) لیگ کی قاسم سوری کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس کا شیڈول تبدیل کرنے کی مذمت

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن نے قائمقام سپیکر قاسم سوری کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قاسم سوری نے قومی اسمبلی کا اجلاس 22 اپریل تک موخر کرکے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کیا ہے،قائم مقام سپیکر نے آئین کے آرٹیکل 53 اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے رول 12 کی خلاف ورزی کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کا قائمقام سپیکر کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق 15 اپریل کو قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی چاہیے تھی،قائم مقام سپیکر نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ارکان قومی اسمبلی کی حق تلفی کی ہے،قائم مقام سپیکر قاسم سوری کا اقدام قابل افسوس اور قابل مذمت ہے،رول 49 کے تحت سپیکر قومی اسمبلی کے اجلاس کو آگے لے جا سکتا ہے لیکن تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد وہ یہ اختیار استعمال نہیں کرسکتا۔

مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ قائم مقام سپیکر کے غیر آئینی اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے لئے دیگر جماعتوں سے مشاورت کریں گے ،قاسم سوری ایک ماہ میں تین مرتبہ آئین کی خلاف ورزی کر چکے ہیں ، قاسم سوری مسلسل پارلیمان کو بے توقیر اور آئین کی پامالی کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں