پھلوں

پھلوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ، عوام پریشان

کراچی(گلف آن لائن) ماہ رمضان کے دوسرے عشر ے کا آغاز ہو گیا ہے لیکن پھلوں کی قیمتیں بدستور آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے دوران پھلوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہو چکا ہے جس سے عوام پریشانی میں مبتلا ہیں، کیلے کی فی درجن قیمت 120 روپے سے 200 روپے ہوگئی، تربوز کی فی کلو قیمت 80 روپے سے 120 روپے پر پہنچ گئی، جب کہ منڈی میں 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔سیب کی فی کلو قیمت 150 سے بڑھ کر 400 روپے اور خربوزہ 60 روپے اضافے کے ساتھ 100 روپے فی کلو، چیکو 150 روپے، اسٹرابیری 400 روپے کلو اور کیوی 500 روپے کلو ہوگئی ہے۔

کولڈ اسٹور میں محفوظ کیے گئے امرود 200 روپے کلو اور کینو 400 روپے درجن کر دیے گے ہیں۔سبزی اور پھل منڈی ایکشن کمیٹی رہنما حاجی شائستہ خان نے بتایاکہ رمضان میں پھلوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب شہریوں نے بتایاکہ مہنگائی میں اضافہ اب ایک عام سی بات بنتی جا رہی ہے، جس سے متوسط اور غریب طبقے کو براہ راست نقصان ہو رہا ہے۔ماہ رمضان میں پھلوں کی قیمتوں میں دگنے سے بھی زیادہ کا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کے مطابق انتظامیہ اپنی نااہلی اور کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈال دیتے ہیں، انتظامیہ ایک بازار میں کارروائی کرتی ہے تو دوسرے بازاروں میں صورت حال جوں کی توں برقرار رہتی ہے، اس صورت حال میں پھلوں کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہو گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں