پروفیسر الفرید ظفر

صحت، تعلیم و دیگر شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا:پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(نمائندہ خصوصی) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ایسٹر کا پیغام، محبت اور انسانیت کا احترام ہے اورمسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی،تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اعلیٰ خدمات کو کسی طور فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان خدمات کے اعتراف کے طور پر ساری قوم ایسٹر کے موقع پر اپنے مسیحی بہن بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور ہسپتال کے انتظامی معاملات کو احسن طریقے سے چلانے اور آنے والے مریضوں کی دن رات نگہداشت اور علاج گاہ کو مریض دوست بنانے کے ساتھ صاف ستھرا رکھنے میں مسیحی ملازمین ہمیشہ پیش پیش نظر آتے ہیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے پاکستان میں رہنے والی مسیح برادری کے جذبہ حب الوطنی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قومی ترقی میں بے مثال شرکت اور خدمات ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ایسٹر کے تہوار پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ساری انسانیت کا خالق و مالک ایک ہی ہے، اصل خوشی باہم مل جل کر رہنے میں ہے۔اس موقع پرایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم،ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ کرسچین کمیونٹی میں یہ تہوار40روزے مکمل ہونے پر آتا ہے جو ان کی عید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے انسانیت کو ترجیح دینی چاہیے،وطن عزیز میں ہر شہری خواہ اُس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو وہ پاکستانی ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے علاوہ ملکی ترقی، دفاع اور عدلیہ میں بھی مسیحی برادری نے تاریخی خدمات سر انجام دی ہیں جن کا ہر سطح پر اعتراف کیا جاتا ہے۔انہوں نے طب کے شعبے میں بھی مسیحوں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے ایسٹر کی مبارکباد دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں