مفتاح اسماعیل

پاکستان پی ٹی آئی کی کرپشن کی وجہ سے گندم اور چینی بھی باہرسے منگوا رہا ہے، مفتاح اسماعیل

کراچی(گلف آن لائن)سابق وزیرخزانہ اورپاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ عمران خان کو زندگی بھر مفت کھانے کی عادت ہے، ان کا خیال ہے کہ کوئی پلانٹ بھی مفت آکر لگا دے گا؟ پی ٹی آئی تین سال تک توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچنے میں مصروف رہی، پی ٹی آئی پولیس اور دیگر محکموں کے عہدوں پر تقرر اور تبادلوں پر کرپشن کرنے میں مصروف رہی، ان کو کرپشن سے فرصت ملتی تو وزارت توانائی اور ملک پر توجہ دیتے؟، پی ٹی آئی کی کرپشن کی وجہ سے گندم اور چینی بھی باہر سے منگوا رہا ہے۔سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ فخر ہے کہ اللہ تعالی کے کرم سے نوازشریف کی قیادت میں دنیا کے جدید اور سستے ترین پاور پلانٹ لگائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئلے اورایل این جی کے سستے ایندھن سے بجلی بناکر قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دی تھی، ہم نے نئے تار بچھانے، بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کا کام شروع کیاتھاجسے پی ٹی آئی نے بند کردیا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بجلی کے شعبے کی تقسیم اور ترسیل میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنا تھا، پی ٹی آئی سے برداشت نہ ہوا، پی ٹی آئی کی نااہل، نالائق اور کرپٹ حکومت نے یہ تمام کام روک کر بجلی کے شعبے کے نقصانات میں اضافہ کردیا۔سابق وزیرخزانہ نے کہاکہ ان شااللہ مسلم لیگ(ن)بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نقصانات ایک بار پھر کم کرکے دکھائے گی، پی ٹی آئی والے اپنی روایت اور کردار کے مطابق ملک میں بجلی کے زیادہ کارخانے ہونے کا جھوٹ بول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارخانے زیادہ ہیں تو پاکستان میں بجلی کی قلت اور اندھیرے کیوں ہیں؟ پی ٹی آئی اپنے کرپٹ دور میں خود 8000 میگاواٹ کے نئے پاور پلانٹس لگانے کی کیوں کوشش کررہی تھی؟۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کارخانے زیادہ تھے تو پی ٹی آئی نے مسلم لیگ(ن)کا سی پیک طرز پر کارخانے لگانے کاکام دوہرانے کی کوشش کیوں کی تھی؟ پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا سامنا ہے، اسی لئے پی ٹی آئی نئے کارخانے لگانا چاہتی تھی لیکن لگا نہ سکی۔سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین خالد منصوراس بات کابذات خود ٹی وی پر اعتراف کرچکے ہیں، آپس میں فیصلہ کرلیں کون سچا کون جھوٹا ہے؟ پاکستان مسلم لیگ(ن)پھر بجلی کے اندھیرے ختم کرے گی، لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالے گی۔

انہوں نے کہاکہ ایندھن امپورٹ کرنے کی مخالفت کرنے والے بتائیں پاکستان میں کتنی گیس، ایل این جی، تیل اورفرنس آئل نکلتا ہے؟ بروقت ضرورت دال اورچنے باہر سے منگوانے پڑتے ہیں؟ کیا قوم دال اور چنے کھانا چھوڑ دے؟ پاکستان میں پیداوار نہیں تووہ چیز باہر سے ہی منگوانا پڑے گی؟،انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں گندم اور چینی میں پاکستان خودکفیل تھا، پی ٹی آئی کی کرپشن کی وجہ سے گندم اور چینی بھی پاکستان باہر سے منگوارہا ہے، پی ٹی آئی کوصرف جھوٹ بولنا آتا ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)وزارت توانائی چلاکر دکھائے گی، پلانٹس کے کرایوں پر اعتراض مضحکہ خیز ہے، مکان کرایہ پر لیں تو اس میں رہیں یا نہ رہیں کرایہ دینا پڑتا ہے، مفت تو عمران خان نہیں چلتا، دنیا میں کون سا مفت پلانٹ ہے؟۔
٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں