نومنتخب وزیر اعلی

حمزہ شہباز کے حلف کیلئے دائر درخواست پر اعتراض ختم ،چیف جسٹس کل سماعت کرینگے

لاہور(گلف آن لائن)نو منتخب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کے لیے درخواست پر لاہور ہائیکورٹ آفس نے اعتراض ختم کردیا جس کے بعد درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔

ہائیکورٹ آفس نے دوبارہ دائر درخواست میں گورنر پنجاب کو فریق بنانے کا اعتراض عائد کیا تھا۔اعتراض ختم ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ آفس نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کل (جمعرات )کو سماعت کریں گے۔نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے وکلاء نے رجسٹرار آفس کا منگل کے روز عائد کیا گیا اعتراض دور کرنے کے بعد گورنرکی جانب سے حلف نہ لینے کے اقدام کے خلاف درخواست دائر کی تھی لیکن اس پر بھی اعتراض عائد کیا گیا تاہم وکلاء نے اسے دور کر کے دوبارہ درخواست دائر کی جسے منظور کر لیا گیا ۔حمزہ شہباز نے اعظم نذیر تارڑ اور عطا اللہ تارڑ کی وساطت سے دائر آئینی درخواست موقف اپنایا کہ 16 اپریل کو 197ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہو چکا ہوں، قانون کے مطابق گورنر کو وزیر اعلی کا حلف لینا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا ہے۔گورنر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔استدعا ہے کہ عدالت گورنر پنجاب کو حلف لینے کے احکامات جاری کرے۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے حمزہ شہباز کی درخواست نا مکمل قراردے کر واپس کردی تھی اور موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست کے ساتھ مطلوبہ مکمل دستاویزات منسلک نہیں ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں