لاہور ہائیکورٹ

حمزہ شہباز کی بطور وزیر اعلیٰ حلف لینے کے حوالے سے درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل معاونت کیلئے طلب

لاہور( گلف آن لائن)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے حمزہ شہباز کی بطور وزیر اعلیٰ حلف لینے کے حوالے سے درخواست پر سماعت کل( جمعہ ) تک ملتوی کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کے لئے طلب کر لیا جبکہ فاضل عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ گورنر پنجاب سے ہدایات لے کرپیش ہوں ۔دوران سماعت سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون اور حمزہ شہباز کے وکیل خالد اسحاق عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جب حکومت مستعفی ہو تو فوری نیا وزیر اعلیٰ اعلی آنا چاہیے، مگر سب سے بڑا صوبہ بغیر حکومت کے چل رہا ہے، آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف نہیں لیا جا رہا۔خالد اسحاق نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ گورنر کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کو حلف کے لیے بلائے، گورنر کو صرف وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا بتانا ہوتا ہے جس کے بعد حلف برداری ہوتی ہے، ڈپٹی اسپیکر وزیراعلیٰ کے انتخاب سے گورنر کو مطلع کر چکے ہیں۔

فاضل عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو 27 اے کے تحت معاونت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ گورنر پنجاب سے ہدایات لے کر کل( جمعہ ) کے روز پیش ہوں۔سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ آج 1 بجے کے لیے کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیں، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب یہاں موجود ہیں، آپ آج ہی کیس سن لیں۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ 10 دن آپ گھر بیٹھے رہتے ہیں اور آ کر آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں، اگر عدالت کہے کہ سسٹم چلنے دیں تو آپ سسٹم نہیں چلنے دیتے، عدالتی سسٹم کو چلنے دیں، کل آ جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں