اسلام آباد(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ میں جو واقعہ ہوا یہ ان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہے۔ایک انٹرویو میں عمران خان نے مسجد نبوی ۖ میں آنے والے واقعہ پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مدینے میں جو ہوا یہ ان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہے۔
عمران خان نے کہا کہ لوگ تکلیف میں نکل رہے ہیں عوام کے اندر غصہ ہے، ان لوگوں نے بیرونی سازش کا حصہ بن کر حکومت گرائی۔ میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس مقدس جگہ لوگوں کو آوازیں کسنے کی ہدایت دوں۔انہوںنے کہاکہ کوئی عاشق رسول ۖ ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا،مدینہ میں جب یہ واقعہ ہوا تو ہمارے تمام کارکنان شب دعا منا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میرے دل میں جو رسول اللہ ۖ کا مقام ہے وہ کسی کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں،میرا عقیدہ ہے کہ دل میں نبی کریمۖ کا عشق نہ ہو تو ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ میں نے ہرفورم پراسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے۔