فیصل آباد (گلف آن لائن):حکومت پنجاب نے محکمہ خوراک کو گندم کی رواں خریداری مہم میں کاشتکاروں کا استحصال روکنے کیلئے مڈل مین سے گندم نہ خریدنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ ویٹ پروکیورمنٹ سنٹرز پر تعینات محکمہ خوراک کا عملہ براہ راست کسانوں اور کاشتکاروں سے گندم کی خرید یقینی بنائے اور مذکورہ خریداری مہم کے دوران چھوٹے کاشتکاروں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خرید کی جائے۔ فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ گندم کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پوراپھل دیا جائے اور کسی کو بھی کاشتکاروں کے استحصال کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلی کی ہدایت پر خریداری مہم کے دوران مڈل مین کا کردار ختم کرنے کیلئے نگران کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن کے سربراہ متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ان کمیٹیوں میں ارکان اسمبلی کے نمائندگان، علاقہ کے نمبردار، معزز کاشتکاروں سمیت صحافیوں کو بھی شامل کیاگیاہے تاکہ گندم کی خریداری کے شفاف عمل کے دوران کسی بھی قسم کی شکایت کا فوری تدارک یقینی بنایاجاسکے۔