اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان معاشی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری پر عوامی مجرم ہیں، انہیں جواب دینا پڑیگا۔
منگل کو اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تماشا کر کے اور جھوٹ بول کر عوام پر جو ظلم کیا، اس کے جواب سے وہ بھاگ نہیں سکتے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹوئٹ میں 2018ء میں مسلم لیگ (ن) اور 2022ء میں پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران ملکی ترقی کے حوالے سے اعداد و شمار کا چارٹ بھی شیئر کیا۔
اس چارٹ کے مطابق 2018ء میں ڈالر کی قیمت 116 روپے سے بڑھ کر 2022ء میں 189 روپے ہوگئی۔ قومی ترقی کی رفتار 6.1 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد (متوقع)، مہنگائی 3.9 فیصد سے بڑھ کر 13 فیصد، غذائی مہنگائی 2.3 فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد، آٹا 20 کلو 700 روپے سے بڑھ کر 1100 روپے، چینی فی کلو 53 روپے سے بڑھ کر 90 روپے، گھی فی کلو 151 روپے سے بڑھ کر 470 روپے، بجلی فی یونٹ 11 روپے سے بڑھ کر 25 روپے، گیس 600 روپے ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھ کر 1400 روپے ایم ایم بی ٹی یو، یوریا بوری کی قیمت 1380 روپے سے بڑھ کر 1918 روپے (3 ہزار روپے میں بھی فروخت ہوئی)، مالی خسارہ 2260 ارب روپے سے بڑھ کر 5600 ارب روپے (متوقع)، تجارتی خسارہ 30.9 ارب ڈالر سے بڑھ کر 43 ارب ڈالر، جی ڈی پی اور ٹیکس کا تناسب 11.1 فیصد سے کم ہو کر 9.2 فیصد، حکومتی قرضہ 1947ء سے لے کر 2018ء تک 24953 ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے تین سال میں 42745 ارب روپے، بے روزگاروں کی تعداد 35 لاکھ سے بڑھ کر 95 لاکھ ہو گئی جس میں 60 لاکھ بے روزگاروں کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس رینکنگ 117 سے بڑھ کر 140 ہوئی، کرپشن میں 23 فیصد اضافہ ہوا۔ چار سال میں غربت کی لکیر سے نیچے افراد کی تعداد میں 2 کروڑ افراد بشمول 1.3 کروڑ بچوں کا اضافہ ہوا۔