رضا الرحمن

گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی جون ، جولائی میں سکولوں میں سمر کیمپ لگانے کی اجازت دی جائے ‘رضا الرحمن

لاہور( گلف آن لائن )ماہر تعلیم وصدر سرونگ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان رضا الرحمن نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ماہ جون اور جولائی میں سکولوں میں سمر کیمپ لگانے کی اجازت دی جائے تاکہ بچوں کا تدریسی عمل جاری رہ سکے ،گزشتہ دو سالوں کے دوران کورونا وباء کی وجہ سے تعلیم کو ناقابل تلافی نقصان ہو چکا ہے اس لیے ہمارے پاس تعلیمی عمل کو روکنے کی مزید گنجائش موجود نہیں ہے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سکولوںکا دورانیہ کم کرکے سمر کیمپ کی صورت میں تعلیمی عمل کو جاری رکھا جائے تاکہ بچوں نے گزشتہ تین ماہ کے دوران جو پڑھائی کی ہے اس میں تعطل نہ آئے ۔گزشتہ سال بھی سیکرٹری سکولزنے ہماری اپیل پر تین گھنٹے کے لئے سمر کیمپ لگانے کی اجازت دی تھی جس کی وجہ سے ہمیں تعلیمی عمل جاری رکھنے میں بہت مدد ملی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وباء کی وجہ سے دو سال بچوں کا تعلیمی حرج ہوا ہے اورہمارے بچے تعلیمی میدان میں پہلے ہی بہت پیچھے رہ گئے ہیں اس لیے ہمارے پاس مزید چھٹیوں کی گنجائش موجود نہیں ہے ۔اگر ہم تعلیمی دورانیہ کم کرکے اپنے تعلیمی عمل کو جاری رکھتے ہیں اس سے بچوں کا تعلیمی نقصان نہیں ہوگا ،حکومت،محکمہ سکولز ایجوکیشن کے حکام سے اپیل ہے کہ وہ سکولوں کو سمر کیمپ لگانے کی اجازت دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں