پاکستان

پاکستان کے لیے خدمات، ڈیرن سیمی کو ستارہ پاکستان مل گیا، تصاویر شیئر کر دیں

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان کیلئے خدمات سرانجام دینے پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ڈیرن سیمی کو سِول ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ڈیرن سیمی نے ستارہ پاکستان کا ایوارڈ ملنے کی تصویر شیئر کی ہے۔ڈیرن سیمی نے تصویر کے ساتھ ایک پیغام بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میں ستارہ پاکستان کا ایوارڈ وصول کررہا ہوں، یہ میرے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان سْپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ ستارہ پاکستان کے مستحق تھے۔جاوید آفریدی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بحالی کیلئے آپ کا تعاون سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 14 اگست 2021 کو یوم آزادی کے موقع پر حسب روایت اپنے متعلقہ شعبوں میں شاندار کارکردگی اور جرات کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانیوں کیساتھ غیر ملکی شہریوں کیلئے پاکستان سول ایوارڈز دینے کی منظوری دی تھی،ان میں نشان امتیاز، ہلال پاکستان، ہلال امتیاز، ستارہ پاکستان، ستارہ شجاعت، ستارہ امتیاز، صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، ستارہ قائد اعظم، تمغہ شجاعت، تمغہ امتیاز اور تمغہ قائداعظم شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں