ریسکیو 1122

کراچی اور لاڑکانہ میں 1122 ایمبولنس سروس کا آغازکردیاگیا،وزیراعلیٰ سندھ نے افتتاح کیا

کراچی(گلف آن لائن)سندھ حکومت کی جانب سے کراچی اور لاڑکانہ میں 1122 ایمبولنس کی سروس کا اغاز کردیاگیاہے۔کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں ریسکیو 1122 کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ لاڑکانہ میں ورلڈ بینک کے تعاون سے طبی سہولیات میں اضافہ کررہے ہیں۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ 85ایمبیولنسز پہلے ہی صوبے کے چار اضلاع میں خدمات فراہم کررہی ہیں، مزید 230ایمبیولنسز شامل کی جارہی ہیں جو مفت خدمات فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ میں بھی ورلڈ بینک کے تعاون سے طبی سہولیات میں اضافہ کررہے ہیں، سندھ انٹیگریٹڈ پروگرام کے تحت ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انٹیگریٹڈ سروس ہے جبکہ ان ایمبولینس میں تربیت یافتہ لوگ ہوں گے۔وزیر صحت سندھ نے کہاکہ پی ڈی ایم اے بھی محکمہ صحت کے ساتھ مل کر کام کرے گی جبکہ لاڑکانہ ضلع میں بھی ایمرجنسی سروس کو اپگریڈ کیا جا رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹرکراچی بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ایمبولینسز عوام کو مفت سروس فراہم کریں گی۔انہوں نے کہاکہ 50 ایمبیولنسز آج ہی سے فعال ہو جائیں گی، ہم ایمبیولنسز کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کی بہتری کے لیے بھی کام کررہے ہیں۔فائر بریگیڈ کو بھی اس سروس سے لنک کرینگے، کسی بھی ایمرجنسی میں اس سروس کو استعمال کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کا شکریہ جن کی کمٹمنٹ کی وجہ سے آج یہ منصوبہ ممکن ہوا، پی ڈی ایم اے ورلڈ بنک کے اشتراک سے اس منصوبے پر کام کیا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 50 ایمبولینس آج سے کام شروع کریں گی، کسی بھی ایمرجنسی میں یہ سروس فوری طور پر حرکت میں آئے گی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ ہمیشہ کہا ہے ادارے مل کر کام کرتے ہیں تو زیادہ بہتر طریقے سے کام ہو سکتا ہے، ریسکیو سروس کے لئے تمام اداروں نے مل کر کام کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج 50 ایمبولینس کراچی کے لئے آئی ہیں ہر مہینے 40 ایمبولنس بڑھائی جائیں گی، اس منصوبے کو سندھ بھر میں پھیلائیں گے، یہ ایمبولینس ہائی ویز پر بھی سروس فراہم کریں گی۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ اتنی اچھی سروس شروع کرنے پر سندھ حکومت کے شکرگزار ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں جو وعدہ کیا گیا وہ آج پورا کررہے ہیں، 1122 پر فون کرنے پر ہماری ٹیم مکمل مدد فراہم کرے گی۔اسی طرح ہم کام کرتے رہیں گے تاکہ ملک اور صوبے کو بہترسے بہتر بناسکیں۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ کراچی میں سندھ کے مزید پروجیکٹس بھی جلد مکمل ہوجائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں