وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کی ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

انقرہ(گلف آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ترک سرمایہ کار اس سے استفادہ کریں، حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لئے افکار تازہ اور جدید مہارتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ بدھ کو یہاں پاکستان ترکی بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین گہرے رشتے استوار ہیں اور دونوں ملک دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کی زبان الگ لیکن ثقافت ایک ہی ہے، پاکستان اور ترکی نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ترک عوام نے زلزلے، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات میں پاکستان کے ساتھ بہت تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو کورونا وائرس کی وبا اور روس یوکرین جنگ کے باعث معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ رات ترک تاجروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور عوامی روابط بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے کار سازی اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کے شعبہ میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، پاکستان مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، توانائی کے شعبہ میں ترک سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں ڈیمز کے شعبہ میں بہت سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پن بجلی سے 40 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے، ترک سرمایہ کاروں کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نیجدید اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لئے جدت اور افکار تازہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو نئی سوچ اور جدید مہارتوں کو بروئے کار لاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ساٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، انہیں اگر جدید مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے تو وہ قیادت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستانیوں کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کی تجویز بھی دی اور یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاری اور کاروبار کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی اور ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر تجارت سید نوید قمر اور چوہدری سالک حسین سمیت پاکستانی وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں