یوکرین

یوکرین بحران کے حل کے لیے تعاون کو تیار ہیں،سعودی وزیرخارجہ

ریاض (گلف آن لائن)سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کو یقین دلایا ہے کہ مملکت یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کے لیے ضروری کوششیں کرنے کے لیے تیار ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا موقف بین الاقوامی قانون پر مبنی ہے۔ سعودی عرب بحران کا ایک ایسا جاندار سیاسی حل چاہتا ہے جس سے امن وسلامتی اور استحکام کو تقویت ملے اور روس اور یوکرین کے درمیان جاری محاذ آرائی کا خاتمہ ہو سکے۔قبل ازیں روسی وزیر خارجہ بحرین کے دورے کے بعد سعودی عرب پہنچے تھے جہاں انہوں نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔

دونوں رہ نمائوں نے ریاض میں وزارت خارجہ کے دفتر میں ملاقات کی۔ روسی وزیر کے دورہ مملکت کے دوران دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ ترین پیشرفت، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور سفیر ڈاکٹر سعود الساطی، وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے کثیر بین الاقوامی امور ڈاکٹرعبدالرحمن الرسی اور روس میں خادم الحرمین الشریفین کے سفیرعبدالرحمان الاحمد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں