شاہین شاہ آفریدی

پرجوش ہوں کہ سیریز ہو رہی ہے، شاہین شاہ آفریدی

اسلام آباد (گلف آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ پرجوش ہوں کہ سیریز ہو رہی ہے۔ ایک انٹرویومیں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم مکمل تیار ہے، گرم موسم کو قبول کرنا پڑے گا، فاسٹ بولرز لمبے اسپیلز نہیں کر سکیں گے، یہ سیریز میرے لئے اہم ہے، تسلسل برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جیسے پچھلا سیزن گیا اسی طرح اس سیزن کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے، انٹرنیشنل ٹیم آسان یا کمزور نہیں ہوتی، یہ ورلڈ سیریز کے میچز ہیں جو کہ ہمارے لئے اہمیت کے حامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ میری کوشش تو یہ ہو گی سیریز میں 15 سولہ وکٹیں لوں اور مین آف دی سیریز بنوں۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کائونٹی کرکٹ کا تجربہ اچھا رہا جو مجھے آگے کام آئیگا، فٹنس پر کام کیا ہے اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں، تھوڑی سی بیماری سے گزرا ہوں تاہم اب بہت بہتر ہوں۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نے کہا کہ فاسٹ بولرز کے لئے مشکل ضرور ہو سکتی ہے تاہم موسم کے لحاظ سے تیاری کر رہے ہیں، حارث رئوف کے ساتھ دوستی اچھی ہے تاہم ٹیم میں دوسرے بولرز بھی ہیں، حسن علی سمیت سب کے ساتھ بولنگ کرنا چاہتا ہوں۔شاہین آفریدی نے کہا کہ ملتان میں عرصہ دراز کے بعد میچز ہونا خوش آئند ہے، فینز انجوائے کریں گے، میری کوشش ہوتی ہے کہ تیز گیند بھی کروں اس کے لئے فٹنس پر کام کر رہا ہوں، سوئنگ کے ساتھ اسپیڈ بھی آ جائے گی، میں اپنی بیٹنگ پر توجہ دے رہا ہوں چھکے لگانا چاہتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں