کراچی(گلف آن لائن)اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ماضی اقتدار کے لیے ملک دشمن بیانات اور عملی کوششوں پر مشتمل ہے۔اتوارکوحلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والے سندھو دیش، اور اداروں کی اینٹ سے اینٹ بجانے والے ہیں، پیپلز پارٹی کا ماضی اقتدار کے لیے ملک دشمن بیانات اور عملی کوششوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادھر تم ادھر ہم، سکھوں کی لسٹیں، سندھو دیش، اینٹ سے اینٹ بجانا پیپلز پارٹی کی نسل در نسل پالیسی کا تسلسل ہے، پیپلز پارٹی کے وہ لوگ کہاں گئے جو مہنگائی مارچ ٹریکٹر مارچ کیا کرتے تھے؟۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی واضح کرے مہنگائی ختم ہوچکی یا ان کے اندر سے شرم؟ سندھ پولیس آج دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی؟ کیا پیپلز پارٹی کے احتجاجوں پر شیلنگ، فائرنگ، گرفتاریاں ہوں گی؟حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کیا کسی صوبائی وزیر مشیر کے گھروں پر چھاپے مارے گئے؟ سندھ پولیس کے پاس آج موقع ہے وہ اپنے ماتھے پر لگا غلامی کا داغ دھوئیں، سندھ کی عوام جعلسازوں سے ہوشیار رہ کر ان کے عزائم ناکام بنائیں۔