اشرف بھٹی

حکومت آئندہ مالی سال کے فنانس بل پر اسٹیک ہولڈر ز سے مشاورت کرے’اشرف بھٹی

لاہور( گلف آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے پیٹرولیم کی مدمیں کفایت شعاری مہم کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارتوں اور محکموں کے اخراجات میں بھی 50فیصد تک کٹوتی کی جائے،حکومت آئندہ مالی سال کے فنانس بل پر اسٹیک ہولڈر ز سے مشاورت کرے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر جس نہج پر پہنچ گیا ہے ہمیں بحیثیت قوم کفایت شعاری کی قومی مہم شروع کرنی چاہیے ۔ غیر ضروری درآمدات کاسلسلہ فوری ختم کیا جائے ۔توانائی کی بچت کیلئے موثر پالیسی آنی چاہیے جس میں تاجر بھی حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن اس کیلئے پیشگی مشاورت کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے کاروباراور پسے ہوئے طبقات پر ٹیکسز کا مزید بوجھ نہ ڈالا ،اس لئے ضروری ہے کہ فنانس بل کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی اعتمادمیں لیا جائے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوںنے موجودہ حالات میں پیٹرولیم کی مدمیں کفایت شعاری کاآغاز کرکے مثبت پیشرفت کی ہے، وزارتوں اور محکموں کے اخراجات میںبھی 50فیصدکمی کی جائے اور اس حوالے سے اعدادوشمارقوم کے سامنے لائے جائیں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت بجلی کے نرخوںمیں 7روپے 91پیسے فی یونٹ اضافے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور اسے واپس لیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں