شاہدہ منی

سیاسی خلیج کے وسیع ہونے کے انتہائی منفی اثرات سامنے آرہے ہیں’ شاہدہ منی

لاہور(گلف آن لائن)نامور اداکارہ و گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی خلیج جس نہج پر پہنچ گئی ہے اس کے انتہائی منفی اثرات سامنے آرہے ہیں،بد قسمتی سے آج سیاستدان ملک و قوم کو لا حق سنگین خطرات کے باوجود سر جوڑ کر بیٹھنے کے لئے تیار نہیں اور ایک دوسرے کے خلاف مہم جوئی شروع کر رکھی ہے ۔ ایک انٹرویو میں شاہدہ منی نے کہا کہ اگر یہی صورتحال بر قرار رہی تو ہمیں باہر سے کسی دشمن سے خطرات لا حق نہیںہوں گے بلکہ اپنی سیاسی مخالفت کی وجہ سے ہم اندر سے خود ہی کھوکھلے ہو جائیں گے۔

اگر ہم ایک قوم بن جائیں تو کسی دشمن کوجرات نہیںہو سکتی کہ وہ پاکستان کے خلاف کوئی سازش کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے دور اندیش لیڈر کی ضرورت ہے جو ہجوم کو قوم میں تبدیل کر سکے اور یہی پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کا راز ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں