لاہور(گلف آن لائن)صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ٹیکنیکل ایکسپرٹس کا اجلاس منعقدہوا،جس میں ڈین آئی پی ایچ پروفیسرڈاکٹرزرفشاں طاہر،ڈاکٹرصومیہ اقتدار،ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹرشاہدحسین مگسی ودیگرایکسپرٹس نے شرکت کی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران بین الاقوامی ڈینگی ویب ناراور اورآل صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈین آئی پی ایچ ڈاکٹرزرفشاں طاہراور ڈاکٹرصومیہ اقتدارنے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔
صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ٹیکنیکل ایکسپرٹس کے ساتھ بیٹھ کر بین الاقوامی ڈینگی ویب نار اور ڈینگی ویکسین پر تبادلہ خیال ہواہے۔عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے جلد بین الاقوامی ڈینگی ویب نار منعقدکروایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کے ماہرین بین الاقوامی کانفرنس میں ڈینگی ویکسین کے پاکستان میں ٹرائلزکیلئے متعلقہ کمپنی سے مذاکرات کریں گے۔ ایکسپرٹس کی مددکے ساتھ ڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کے ایس اوپیز تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے مزیدکہاکہ ڈینگی پر قابوپانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو اپناکرداراداکرناہوگا۔ڈینگی پرقابوپانا ایک قومی ذمہ داری ہے۔پنجاب میں ڈینگی پر قابوپانے کیلئے تمام انتظامیہ محنت کررہی ہے۔تمام کمشنرزاور ڈی سی حضرات کو ڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کو خودمانیٹرکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔