شرجیل انعام میمن

پی ٹی آئی نااہلوں، نالائقوں کا ٹولہ ہے، جس نے ملک کی معیشت کو دلدل میں دھکیل دیا ہے،کے پی کے کی ترقی کے پول کھل رہے ہیں،شرجیل میمن

کراچی(گلف آن لائن)سندھ کے وزیر اطلاعات،ماس ٹرانزٹ و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نااہلوں، نالائقوں کا ٹولہ ہے، جس نے ملک کی معیشت کو دلدل میں دھکیل دیا ہے،خیبرپختونخوا کی ترقی کے پول کھل رہے ہیں، حقیقت سب کے سامنے ہے۔شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی 9 سال سے خیبرپختونخوا میں حکومت ہے، ایک رپورٹ کے مطابق آج کے پی کے حکومت کے قرضے 883 ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان بننے سے 2013 تک خیبرپختونخوا حکومت 97 ارب روپے کی مقروض تھی، لاڈلوں کی حکومت نے ان قرضوں میں 9 سالوں میں 8 سو فیصد اضافہ کیا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا کی کارکردگی جس کی بنیاد پر انہیں وفاقی حکومت میں لایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں نے پی ٹی آئی حکومت میں کرپشن بھڑنے کی نشاندہی کی، لیکن ان لاڈلوں سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ فارن فنڈنگ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے جسے 8 سال سے مختلف بہانوں سے کھینچا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی بدمعاشی اور دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نااہلی کی وجہ سے حکومت چھن جانے کے بعد ناسمجھ لوگ خود کش حملوں کی دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، اعلی عدلیہ، وفاقی حکومت کو ان کی دھمکیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو شٹ اپ کال دینا ناگزیر ہے ورنہ جس طرح کی ذہنیت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں