لاہور( گلف آن لائن) فلور مالکان نے پنجاب بھر میں آٹے کی سپلائی بند کردی ۔ فلور ملز ایوسی ایشن نے اس حوالے سے بتایا کہ سرکاری یا پرائیویٹ گندم کی پسائی نہیں کریں گے، محکمہ خوراک کی مداخلت قابل قبول نہیں ۔سابق چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ فلور ملز میں اے سی یا ڈی سی کا داخلہ قابل قبول نہیں، محکمہ خوراک کا عمل دخل ختم ہونے تک فلورملز گندم پسائی نہیں کریں گی، حکومت کی سبسڈائزڈ آٹے کی اسکیم کو بھی نہیں چلائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے فلور ملوں کو بلیک میل کر رہی ہے، جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے، آٹے کی سپلائی نہیں دیں گے۔
ترجمان پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق گندم کی مصنوعات کی نقل و حمل پر پابندیاں آئین کی روح کے منافی ہیں، آئین ملک بھر میں آزادانہ کاروبار اور نقل و حمل کی ضمانت دیتا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ فلور ملز مالکان کی ناجائز اور غیر قانونی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، جب تک معاملات طے نہیں ہو جاتے فلور ملز سرکاری گندم نہیں اٹھائیں گی اور نہ ہی پسائی کریں گی، معاملات طے ہونے پر فلور ملز گیٹ پر آٹا فراہم کریں گی۔