مریم اور نگزیب

چار سال تک سرکاری ملازمین اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا گیا، مریم اور نگزیب

اسلام آباد(گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چار سال ملک پر ایسا ٹولہ مسلط رہا جس نے سرکاری ملازمین اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں 15 فیصد اور ایڈہاک ریلیف کو ضم کرنے کی ہدایت کی ہے، بجٹ میں پنشنرز کے لئے بھی بڑا اعلان سننے کو ملے گا، مشکل حالات میں ایسا بجٹ پیش کر رہے ہیں جس سے ملک میں صنعت، کاروبار اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں احتجاج کرنے والے سیکریٹریٹ ملازمین سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج اتحادی حکومت برسراقتدار ہے جس میں تمام جماعتیں غریب عوام اور متوسط طبقہ کی فلاح کا سوچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں ایسا بجٹ پیش کر رہے ہیں غریب اور متوسط طبقے کے لئے ریلیف کا باعث بنے گا۔

بجٹ سے ملک کے اندر صنعت، کاروبار، تجارت اور زراعت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی تھی جسے وزیراعظم نے مسترد کر دیا اور کابینہ کی منظوری سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم غریب عوام اور سرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے باوجود آج حکومت اور وزیراعظم غریب عوام کا سوچ رہے ہیں، آج پارلیمان میں جو بجٹ پیش کیا جا رہا ہے وہ غریب دوست بجٹ ہے، ملک میں نظر آئے گا کہ معاشی استحکام کس طرح پیدا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں جو معیشت عمران خان کو ملی تھی، اس نے اسے معاشی بدحالی میں بدلا، حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عمران خان کی دی گئی مہنگائی اور بے روزگاری سے غریب عوام کو بچانا ہے۔

یہ بجٹ ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جائے گا، غریب آدمی کو ریلیف ملے گا، صنعت، کاروبار اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں زراعت، آئی ٹی، صنعت، فوڈ سیکورٹی اور نوجوانوں کے لئے تاریخی اعلانات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت ختم ہو گیا جب سرکاری ملازمین سڑکوں پر ہوں اور وزیراعظم سکون کی نیند سو رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نالائقی، نااہلی، چوری اور کرپشن کی وجہ سے آج ملک مشکل صورتحال سے گذر رہا ہے، ملک کو اس صورتحال سے نکالنے کے لئے عوام اور کاروباری حلقوں کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سرکاری ملازمین ثابت قدم رہیں، حکومت صرف اور صرف ان کی فلاح کا سوچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم سرکاری ملازمین کے ساتھ اس دکھ اور تکلیف میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک میں معاشی استحکام کے لئے کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سیکریٹریٹ ملازمین نے موجودہ حکومت، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات کے حق میں نعرے لگائے اور تنخواہوں میں اضافے پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں