پنجاب

پنجاب کی اتحادی حکومت پیر کووفاقی طرز پر بجٹ پیش کر ے گی

لاہور(گلف آن لائن)پنجاب کی اتحادی حکومت پیرکے روز آئندہ مالی سال بجٹ پیش کرے گی،پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ وفاقی طرز کا ہو گا،بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے خصوصی امدادی پیکج متعارف کروایا جائے گا۔ڈی جی پی آر آفس سے جاری بیان کے مطابق عوام کی قوت خرید میں اضافے کے لیے اشیا ئے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کی جائیں گی،لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا، کم وسیلہ افراد کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

پنجاب حکومت کے مطابقآئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا ،صوبائی محصولات میں دی گئی رعایت برقرار رکھی جائے گی ۔ آٹے کی کم قیمت پر دستیابی کا وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کا سہولت پیکج آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا،پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ بلحاط حجم پہلے سے بہتر ہو گا ، بجٹ کا بڑا حصہ ترقیاتی مقاصد کے حصول پر خرچ کیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت کی اولین ترجیح سماجی شعبہ کی ترقی اور معیشت کی بحالی ہو گی،بجٹ 2022-23 میں تعلیم، صحت، زراعت، مواصلات کے میدان میں کئی اہم اقدامات متعارف کروائے جارہے ہیں ،آئندہ بجٹ میں پائیدار ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لیے ضلعی سطح پر عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔پنجاب حکومت کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ متوازن اور عوام دوست بجٹ ہو گا،آئندہ بجٹ سرکاری ملازمین اور دیہاڑی دار طبقہ دونوں کے لیے خوشخبری لائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں