احسن اقبال

سب کو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے سوچ بچار کرنا ہوگی ،انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کیا جائے ‘ احسن اقبال

نارووال(گلف آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سب کو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے سوچ بچار کرنا ہوگی اور اس کے لئے سب کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ احسن اقبال چودھری کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس نارووال میں منعقد کیا گیاجس میں ڈپٹی کمشنر نارووال امتیاز شاہد گوندل، ممبرصوبائی اسمبلی و وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور خواجہ محمدوسیم،ممبر صوبائی اسمبلی رانامنان خان،ممبر صوبائی اسمبلی بلال اکبرخان،ممبر صوبائی اسمبلی رمیش سنگھ اروڑہ،ممبر صوبائی اسمبلی مولانا غیاث الدین،(ن) لیگ کے ضلعی صدر پیر سید اظہرالحسن گیلانی سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں تحصیلوں اور ضلع کی سطح پرنئی ترقیاتی سکیموں اور پہلے سے جاری سکیموں کے بارے میں تفصیل کے ساتھ گفتگو کی گئی۔احسن اقبال نے کہا کہ تمام تر سکیموں کو بروقت مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ عوام سطح پر ان سکیموں کے فوائد جلد پہنچ سکیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے خصوصی طور پر نارووال شہر کی سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے حوالے سے جاری سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ گرمی کی لہر کے بعد شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے اور اس موسم میں شہر کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچانے کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ ان سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اس کی علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال کی نئی تعمیر ہونے والی سکیم کے ورک آرڈر بارے پوچھنے کے ساتھ ساتھ سی ای او ہیلتھ کو نارووال میڈیکل کالج کی عمارت کا پی سی ون بنانے اور پی ایم ڈی سی سے کالج کے لئے کلاسز کی اجازت اور سیٹوں کی منظوری لینے کے حوالے سے تمام تر امور کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ۔

انہوںنے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کونئے تعمیر شدہ کالجز کوٹ نیناں اور کنجروڑ میں سال رواں میں تعلیمی سال کی ابتدا ء پر کلاسز کے اجرا ء اور گرلز کالج نارووال اور گرلز کالج قلعہ احمد آباد کی نئی عمارت کے لئے جگہ کی خریداری کا حکم دیا ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کو وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے سکولوں میں اساتذہ کی خالی اسامیوں کی رپورٹ کرنے اور اپنے سکولوں کو ماڈرن ایجوکیشن سسٹم سے ہم اہنگ کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔

اس کی علاوہ نارووال تا لاہور ایکسپریس ہائی وے،کرتارپور تا سیالکوٹ روڈ،ماڈرنائزیشن آف ٹی ایچ کیو شکرگڑھ سمیت نارووال بوائز ڈگری کالج کو یونیورسٹی آف نارووال کے اولڈ کیمپس میں بحال کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔احسن اقبال نے ضلعی افسران سے مخاطب ہو کر کہا کہ تعمیر وطن کے اس مشن میں آپ ہمارے ہم سفر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں