ہمایوں اختر خان

اقتصادی سروے نے تحریک انصاف حکومت کی کامیاب پالیسیوں ،ترقی پر مہر ثبت کر دی ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکز ی رہنما و سابق وزیر ہمایوں اخترخان نے کہاہے کہ امپورٹڈ حکومت نے زمینی حقائق کے برعکس محض اندازوں پر آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا ہے ،اقتصادی سروے میں معاشی گروتھ 5.97بتائی گئی ہے جو ہماری حکومت کی کامیابی پالیسیوں کا ثمر ہے ، 90 کی دہائی سے اب تک صرف تحریک انصاف کے دور میں معاشی ترقی ہوئی لیکن درجنوں جماعتوں کا اتحاد عمران خان کے بغض میں ”میں نہ مانوں ”کی رٹ لگائے ہوئے ہے،آنے والے سالوںمیں جو چیلنجز درپیش ہوں گے ان سے نمٹنے کیلئے کوئی حکمت عملی مرتب نہیں کی جارہی جو انتہائی تشویشناک ہے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہاکہ امپورٹڈ حکمران بیشک تسلیم نہ کریں لیکن اقتصادی سروے نے تحریک انصاف کے دور کی کامیاب پالیسیوں اورترقی پر مہر ثبت کر دی ہے ،تحریک انصاف کے دور حکومت میں نافذ کی گئی معاشی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان ترقی کی جانب گامزن تھا جس سے ہماری مجموعی معیشت کے اشاریے انتہائی مثبت تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سروے کے مطابق ہمارے تیسرے سال میں ترقی کی شرح 5.74 تھی جبکہ رواں مالی سال اس میں مزید اضافہ ہوا اور یہ5.97 فیصد پر پہنچ گئی۔ہمارے دورمیں برآمدات 32 ارب ڈالر تک پہنچیں،اوورسیز نے سب سے زیادہ 31 ارب ڈالر کی ترسیلات بھجوائیں۔

زراعت اور کسانوں پر توجہ دینے کی وجہ سے زرعی پیداوار میں 4.4 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ سے اس سے جڑی صنعتوں نے بھی ترقی کی،انڈسٹری 7.2 فیصد بڑھی جبکہ لارج اسکیل گروتھ 10.6 فیصد ہوئی جو ایک ریکارڈ ہے، سروسز سیکٹر میں 6.2 فیصد اضافہ ہوا۔سرکاری دستاویزات گواہ ہیں کہ تحریک انصاف کے دورحکومت میںمعیشت کے تقریباً تمام حقیقی شعبوںنے مقررہ ہدف کوعبور کیا جس سے ملک کووسیع البنیاد ترقی کی بنیاد میسر آئی ۔ہمایوں اخترخان نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت کے تمام بجٹ ترقی کے ضامن ثابت ہوئے جبکہ نام نہاد تجربہ کار وں نے جو بجٹ پیش کیا ہے اس میںکوئی توازن نہیں اور اس سے ہر شعبے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں مشکلات کے باوجود اصلاحات جیسے مشکل ہدف کا چنائو کیا جس سے معیشت کومضبوط بنیادیں میسر آئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں