کراچی(شوبز ڈیسک)اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفی نے ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیڈیا نہیں تھا کہ عامر لیاقت اتنی جلد ی چلے جائیں گے اور ہمیں یہ دن بھی دیکھنا پڑے گاکہ جب ہم کہیں گے کہ عامر لیاقت ہم میں نہیں رہے ۔
فہد مصطفی نے کہا کہ میں کیا ہر کوئی عامر لیاقت حسین کا پرستار رہا ہے ، ہم نے جب میزبانی کا کیرئیر شروع نہیں کیا تھا تو جو اس شعبے میں سب سے زیادہ نام کما رہا تھا وہ تھا عامر لیاقت ،عامر لیاقت کو دیکھ دیکھ کر ہم نے میزبانی سیکھی اور ان کو شوز کی میزبانی سے جتنی شہر ت ملی اس کی کہیں کوئی مثال نہیں ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہم جیسے لوگ انہیں میزبانی کے شعبے میں فالو کرنا چاہتے تھے اور ہم نے کیا بھی ، مجھے یہ کہنے میں بالکل بھی شرم نہیں ہے کہ وہ ہم سب کے لئے مثال تھا۔فہد مصطفی نے کہا کہ عامر لیاقت حسین صاحب ہمارے لیے ایک ایسی مثال تھے جن کے انداز کو ہر کوئی نقل کرنا چاہتا تھا۔
اداکار نے کہا کہ شوز کے حوالے سے میرا جو کیریئر ہے، وہ صرف اور صرف عامر لیاقت حسین کی وجہ سے شروع ہوا لیکن انہوں نے اپنی زندگی کے آخری دنوں میں بہت مشکل وقت دیکھا۔انہوں نے کہا کہ میں عامر لیاقت صاحب کی آسانی کے لیے دعا کرتا تھا لیکن مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ اس طرح دنیا سے چلے جائیں گے۔