ہمایوں اختر خان

امپورٹڈ حکومت نے معیشت سمیت ترقی کرتے ہر شعبے کو ریورس گیئر لگا دیاہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت سمیت ترقی کرتے ہر شعبے کو ریورس گیئر لگا دیاہے ،بد قسمتی سے دو ماہ سے برآمدات ، ترسیلات زر اور معیشت کی ترقی میں کردار ادا رکرنے والے تمام شعبوں میں تنزلی کا رجحان ہے، سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے فوری طور پر صاف اور شفاف انتخابات نا گزیر ہیں ۔

پارٹی دفتر میں حلقے کے اکابرین اور رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ 13جماعتوں پر مشتمل حکمران اتحاد ملک کے معاشی و سماجی مسائل پر قابو پانے میں ناکام ہو گیا ہے ، میثاق معیشت کی دعوت تو دی جارہی ہے لیکن امپورٹڈ حکومت کے پاس اس کے لئے کوئی ایجنڈا اور وژن نہیں ،موجودہ حکومت میں درجن سے زائد جماعتیں شامل ہیں بتایا جائے آج تک میثاق معیشت کے لئے کیا پیشرفت کی گئی ہے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم سیاسی فائدے کیلئے ڈنگ ٹپائو پالیسیاں اختیار نہیں کیں بلکہ معیشت کو پائیدار ترقی دینے کے لئے غیر معمولی فیصلے کئے جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آئے ۔ مشکل ترین حالات کے باوجود عمران خان نے ایک وژن رکھنے والے لیڈر کی طرح 22کروڑ عوام کے ملک کو چلایا اور ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔ عالمی ادارے اورمعاشی ماہرین عمران خان حکومت کی اصلاحات پر مبنی پالیسیوں کے معترف تھے لیکن بد قسمتی سے رجیم چینج کے ذریعے ہماری ساری محنت پر پانی پھیر دیا گیا اور ملک ایک بار پھر کئی سال پیچھے چلا گیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالنے کیلئے دور اندیش قیادت کی ضرورت ہے اور عمران خان نے خود کو اس کے لئے اہل ثابت کر کے دکھایا ہے ۔ملک کو مشکلات کی بھنور سے باہر نکالنے کا واحد حل بغیر تاخیر کے صاف اور شفاف عام انتخابات ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں