رانا ثناء اللہ

رانا ثناء اللہ کاترک ہم منصب سے رابطہ غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے، ملوث عناصر کیخلاف کارروائی پر اتفاق

اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان اور ترکی نے اتفاق کیاہے کہ غیرقانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کو روکنا ہمارا مشترکہ ہدف ہے،غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے اوراس میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی ہوگی ۔ جمعرات کو وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ اورترکی کے وزیر برائے داخلہ امورسلیمان سوئیلوکے درمیان کانفرنس کال ہوئی جس میں پاکستان اورترکی کے درمیان تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امورپر بات چیت اور پاکستان سے ترکی کیلئے غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزراء نے اتفاق کیاکہ غیرقانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کو روکنا ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔

گفتگو کے دور ان غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ روکنے اوراس میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی پربھی اتفاق کیا گیا ۔انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ایف آئی اے اور ترک امیگریشن ادارے کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے کی تجویز پربھی گفتگو کی گئی ۔ترکی وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے رانا ثناء اللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ ترکی ہمارا بہترین دوست اور برادر اسلامی ملک ہے،ترکی نے پاکستان کی مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراغ دلانہ مدد کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ترکی اور پاکستان کے درمیان بہترین معاشی، ثفافتی اور کاروباری تعلقات ہیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور انکے وفدکے رواں مہینے دورہ ترکی کے دوررس نتائج نکلیں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اورانکے وفد کی بہترین میزبانی پرترک صدر طیب اردوان اورحکومت کے شکرگزار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے ترکی کے دوٹوک موقف کا معترف ہے۔

ترک وزیر داخلہ نے کہاکہ صدر طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کی حالیہ دورہ ترکی کے دوران انتہائی مفید ملاقات ہوئی۔ ترک وزیر داخلہ سلیمان نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ ترکی سے باہمی تعلقات میں مزیدوسعت اورمضبوطی آئے گی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات باہمی محبت، بھائی چارے اوراعتماد پر قائم ہیں،غیر قانونی امیگریشن اورانسانی سمگلنگ کے خاتمے سے متعلق پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔

ترک وزیر داخلہ نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اداروں کی بہتر کوارڈینیشن سے اس غیرقانونی کام کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔ رانا ثناء اللہ نے ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئے لو کو پاکستان دورے کی دعوت دی۔ ترک وزیرداخلہ سلیمان نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں