شوکت ترین

پیٹرول پر حکومت 50 روپے لیوی بھی لگانے جا رہی ہے،اس سے مہنگائی کا طوفان آ جائے گا،شوکت ترین

اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پیٹرول پر یہ حکومت 50 روپے لیوی بھی لگانے جا رہی ہے،اس سے مہنگائی کا طوفان آ جائے گا،مہنگائی نیچے نہیں آئے گی مزید بڑھنے جا رہی ہے ،اس کے علاوہ ڈسکاؤنٹ ریٹ بھی اوپر جائے گا۔ اپنے بیان میں شوکت ترین نے کہاکہ بار بار کہا جاتا رہا کہ عمران خان کی حکومت معیشت پر جھوٹ بول رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اکنامک سروے کی رپورٹ میں تحریک انصاف کی بہترین کارکردگی کی رپورٹ پر اسی حکومت نے دستخط کیے۔

انہوںنے کہاکہ پندرہ سال میں سب سے زیادہ زراعت ،جی ڈی پی،انڈسٹریل سیکٹر، ترسیلات زر میں ترقی تحریک انصاف کے دور میں ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ یہ کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں کہ ہمارے دور میں پاکستان دیوالیہ پر تھا،466ارب کا فارمولہ انکو بتایا ،اور اب یہ اسے استعمال بھی کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ حکومت اعدادوشمار کا ہیر پھیر کر کے صرف اور صرف عوام کو گمراہ کر رہی ہے،اس سال کا مالیاتی خسارہ اب بھی 4.55ٹریلین ہے۔ انہوںنے کہاکہ روپیہ آپ کی نالائقی کی وجہ سے نیچے آیا،ان کو اپنی بے وقوفیوں کی وجہ سے ناکامیوں کا سامنا ہے،کسی کا قصور نہیں۔ شوکت ترین نے کہاکہ ہمارے دور میں یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی 70 روپے سے بھی کم میں دستیاب تھی،ہم نے مارکیٹ میں آٹے کی قیمت 55 روپے فی کلو پر رکھی ہوئی تھی اور اب 75 سے 80 روپے فی کلو موجود ہے۔ شوکت ترین نے کہاکہ ہمارے دور میں بڑی فصلوں کی زبردست پیداوار ہوئی اور کسان خوشحال ہوا تھا،43 ملین لوگ ایسے ہیں جو ٹیکس ادا نہیں کر رہے۔ سابق وزیر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہمارا بجٹ پروگریسو ہے،یہ سفید جھوٹ ہے،بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار ہے،ریلیف کہیں نظر نہیں آتا۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے کامیاب جوان،صحت کارڈ،احساح پروگرام جیسے منصوبے شروع کر کے عوام کو ریلیف دیا،مگر اس حکومت نے یہ منصوبے بند کر دئیے ہیں۔ سابق وزیر نے کہاکہ حکومت ان لوگوں پر ٹیکس لگا رہی ہے جو پہلے سے ہی ٹیکس کی ادائیگیاں کر رہے ہیں۔ شوکت ترین نے کہاکہ ہم نے پیٹرول پر زیرو ٹیکس رکھا،اب یہ 17 فیصد سیلز ٹیکس لگائیں گے،پیٹرول پر یہ حکومت 50 روپے لیوی بھی لگانے جا رہی ہے،اس سے مہنگائی کا طوفان آ جائیگا۔ شوکت ترین نے کہاکہ مہنگائی نیچے نہیں آئے گی مزید بڑھنے جا رہی ہے ،اس کے علاوہ ڈسکاؤنٹ ریٹ بھی اوپر جائے گا
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں