فیصل قریشی

فیصل قریشی نے اپنی آنے والی فلم سوری ،اے لو اسٹوری کوہمیشہ کیلئے بند کردیا

لاہور( گلف آن لائن)اداکار فیصل قریشی نے اپنی آنے والی فلم سوری ،اے لو اسٹوری کوہمیشہ کیلئے بند کردیا ہے۔فیصل قریشی نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں اور سہیل جاوید ایک دوسر ے سے ناراض ہیں تو ایسا کچھ نہیں ہے، میں اور سہیل بہت دوست ہیں اور ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔فیصل قریشی نے کہا کہ میرے لیے یہ اعلان کرنا واقعی تکلیف دہ ہے اور سہیل جاوید کے لیے یہ اور بھی تکلیف دہ ہے کیونکہ یہ ان کا بے بی پراجیکٹ تھا،یہاں ہم باضابطہ طور پر اعلان کر رہے ہیں کہ ہم فلم سوری ،ایک لو اسٹوری کو بند کر رہے ہیں اب ہم یہ فلم نہیں بنائیں گے۔اداکار نے فلم کو بند کرنے کی وجہ بھی بتائی انہوں نے کہا کہ چند لوگ تھے جو نہیں چاہتے تھے کہ فلم بنے اور انہوں نے فلم کے بارے میں سازشیں کیں ۔

انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ بہت سے دیگر مسائل، حالات اور عوامل تھے، کورونا کے بعد مارکیٹیں بھی پہلے جیسی نہیں ہیں لہٰذاتمام رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فلم کو بند کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے اپنے مداحوں سے معافی بھی مانگی کہ وہ انہیں مایوس کررہے ہیں تاہم فیصل قریشی نے کہا کہ جن دوستوں نے اس منصوبے میں میرا ساتھ دیا ان کا شکر گزار ہوں۔اسی ویڈیو میں سہیل جاوید نے کہا کہ جو لوگ اس فلم کے خلاف تھے انہیں اب خوش ہونا چاہیے۔فلم سوری سے فیصل قریشی بڑے پردے پر واپسی کررہے تھے جس میں ان کے ساتھ اداکارہ فریال محمود مرکزی کردار میں نظر آنے والی تھیں۔اس سے قبل اداکار فیصل قریشی کے ساتھ مرکزی کردار میں سونیا حسین کو کاسٹ کیا گیا تھا تاہم شیڈول نہ ہونے کے سبب انہیں فلم چھوڑنا پڑی اور ان کی جگہ فریال محمود کو فلم کا حصہ بنایا گیا جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں آمنہ شیخ اور زاہد احمد شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں