اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ٹیم اہل ہو، اس کی نیت صاف اور ارادے پختہ ہوں تو کارکردگی اور عوام کی خدمت میں بہتری آسکتی ہے ،ہم زیادہ ٹیکس جمع کریں گے، اور زیادہ محنت کریں گے اور عوام کو مزید آسانیاں دینے کے لئے کوشاں ہوں گے ،پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانا پہلی بڑی کامیابی ہے، اب پاکستان کو معاشی ترقی کی طرف لے کر جائیں گے جو ہماری دوسری بڑی کامیابی ہوگی،پاکستان کو تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کا معاہدہ طے پاگیا ہے،قوم کو مبارک دیتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کرکے آئی ایم ایف سے ایک اچھا معاہدہ طے کرنے میں کامیاب ہوئے،آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے کہ گزشتہ سال کے تاخیری اقدامات کی وجہ سے وجہ سے بہت زیادہ بجٹ خسارے ہوئے ،آئی ایم ایف نے مانا ہے کہ گزشتہ سال بجلی کے شعبے میں بدانتظامی اور تاخیری اقدامات کی وجہ سے گردشی قرض میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہوا ،ثابت ہوا کہ ٹیم اہل ہو، اس کی نیت صاف اور ارادے پختہ ہوں تو کارکردگی اور عوام کی خدمت میں بہتری آسکتی ہے ،ہم زیادہ ٹیکس جمع کریں گے، اور زیادہ محنت کریں گے اور عوام کو مزید آسانیاں دینے کے لئے کوشاں ہوں گے ۔
انہوںنے کہاکہ شدید معاشی مشکلات کے باوجود ہم نے عوام دوست بجٹ دیا، عوام کو ریلیف دیا،ہم نے امیر طبقات پر بوجھ ڈالا ہے ۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف نے ہماری ‘سستا پٹرول سستا ڈیزل’ اسکیم کو اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اتحادی حکومت کی غریب دوست پالیسیوں کو سراہا ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے ملک وقوم کے مفاد میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے مشکل فیصلے کئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین اور راہنماؤں کو بھی مبارک دیتا ہوں اور ان کے جذبے اور خلوص کو سراہتا ہوں ،اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑے، آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پانے کے بعد اتحادی حکومت کا ہر فیصلہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کی راہ ہموار کرے گا ،عوام کے لئے ریلیف کا وقت آگیا ہے، پٹرول، ڈیزل سمیت دیگر چیزوں میں ریلیف کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے چار سال خاص طور پر آخری چھ ماہ میں جو بارودی سرنگیں بچھائیں تھیں، بڑی حد تک ان کے اثرات سے ملک اور عوام کو بچا لیا ہے ،تین ماہ میں دن رات کی انتھک مسلسل محنت اور وزیر اعظم شہباز شریف کی راہنمائی میں یہاں تک پہنچے ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ عمران خان اور ان کے ساتھی مسلسل جھوٹ بولتے رہے لیکن اللہ تعالیٰ نے ہماری مدد فرمائی،جنوری فروری میں عمران خان نے آئی ایم ایف سے کئے معاہدے توڑ کر پاکستان کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بچا لیا ،آج سری لنکا میں 470 روپے لیٹر تیل ہونے کے باوجود عوام کو دستیاب نہیں، عمران خان پاکستان میں یہی کچھ کرانا چاہتے تھے ،عمران خان کی پاکستان کو معاشی دیوالیہ کرانے کی سازش ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مشکل فیصلے کئے، بحیثیت قوم ہم سب نے مشکل حالات کا سامنا کیا تاہم اس کے نتیجے میں پاکستان واپس معاشی تسلسل اور استحکام کی راہ پر واپس آگیا ہے، یہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی ہے،قوم نے جو مثالی تعاون کیا، اس پر سلام پیش کرتا ہوں ۔
انہوںنے کہاکہ آج پاکستان بجلی، تیل سب دستیاب ہے، 7 ہزار میگاواٹ بند بجلی کے کارخانے بحال کر دئیے ہیں ،آج الحمد اللہ ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں، زندگی پھر سے معمول کی طرف واپس آ رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانا پہلی بڑی کامیابی ہے، اب پاکستان کو معاشی ترقی کی طرف لے کر جائیں گے جو ہماری دوسری بڑی کامیابی ہوگی،پاکستان کو تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے