شیری رحمان 

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد احتجاج کے بجائے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہیے، سینیٹر شیری رحمن

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد احتجاج کے بجائے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ اخلاقیات کا درس دینے والے عمران خان خود پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے بجائے ای سی پی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہاکہ پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کے لئے احتجاج کر رہی ہے، دوسروں سے تلاشی دینے کا مطالبہ کرونے والوں نے خود 13 اکائونٹس اور غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ چھپائی۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ عمران خان خود دعوہ کرتے رہے کہ انہوں نے ممنوعہ فنڈز نہیں لی، صادق و امین نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا۔ انہوںنے کہاکہ یہ خیرات کے نام پر بھی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ لیتے رہے، ایک وزیراعظم کو عدالت نے غلط بیانی کی بنیاد پر نااہل کیا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ یہاں معاملہ پیسے نا لینے کا نہیں بلکہ اربوں روپے کی ممنوعہ فنڈنگ لینے، 13 اکائونٹس چھپانے اور مس ڈیکلیریشن کا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قانون اور فیصلے الگ الگ نہیں ہونے چاہیے،عمران خان اور پی ٹی آئی اب قوم سے مزید جھوٹ نہ بولیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں